سیدو شریف میں خواتین کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد، مختلف نوعیت کے مسائل ضلعی انتظامیہ و وفاقی محکموں کے سامنے رکھ دیئے

سوات(سپاٹ سٹوری): ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے خواتین کے لئے سیدو شریف میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں خواتین نے شرکت کی اور مختلف نوعیت کے مسائل ضلعی انتظامیہ اور ضلعی و وفاقی محکموں کے سامنے رکھے۔ کھلی کچہری میں صاف پانی کی عدم دستیابی، صفائی اور سینیٹیشن کے مسائل، بجلی کھمبوں کی درستگی، شناختی کارڈ سے متعلق امور اور سیلاب سے متاثرہ خواتین کے لئے نان فوڈ پیکجز میں خواتین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیاء ضروریہ کی دستیابی وغیرہ سر فہرست رہے۔ کھلی کچہری میں نادرا، ضلعی انتظامیہ، تعلیم، سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے اور خواتین کی جانب سے اجاگر کئے گئے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کھلی کچہری سے خطاب میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عامر خان نے کہا کہ خواتین کے لئے اداروں تک رسائی اسان بنانے کے لئے ضلع میں اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سوات افس میں خواتین کے لئے خصوصی ڈسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں خواتین آفیسرز رہنمائی اور مدد کے لئے موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کھلی کچہری کا مقصد خواتین کو براہِ راست موقع فراہم کرنا تھا کہ وہ اداروں کے سربراہان و نمائیندوں کو مسائل سے آگاہ کرسکیں اور ادارے حل کے لئے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے خواتین کو یقین دلایا کہ کھلی کچہری میں اجاگر کئے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

Comments