سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کینیا میں گولی لگنے سے جاں بحق

اسلام آباد (سپاٹ سٹوری): سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف   کی اہلیہ جویریہ صدیق کاکہنا ہے کہ ارشد شریف کینیا میں گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ارشد شریف  کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا ہے کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی۔


ارشد شریف کی جاں بحق ہونے کی تصدیق ان کی اہلیہ کی جانب سے ٹوئٹر پر کر دی گئی ہے ، انکی اہلیہ جویریہ صدیقی نے ٹوئٹ میں لکھا کہ آج میں نے اپنا دوست، شوہر اور پسندیدہ صحافی کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے انھیں بتایا ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں مار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے  کہ ارشد شریف کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ، ہائی کمیشن حکام سے مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ 


بین الاقوامی میڈیا ذرائع کے مطابق کینیا کی مقامی پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔ ارشد شریف کچھ روز پہلے دبئی سے لندن بھی گئے تھے اور پھر کینیا چلے گئے تھے۔ ارشد شریف کو 23 مارچ 2019 میں صحافت میں ان کی خدمات کی بنا پر صدر پاکستان سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ ملا تھا۔ سینئر صحافیوں کی جانب  سے بھی  ارشد شریف کی کینیا میں موت  کے حوالے سے  دکھ اور غم کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

Comments