دائمی امن کے لئے صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صحافتی اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان کا سوات پریس کلب دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو
سوات(سپاٹ سٹوری): سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبرپختونخوا ارشد خان نے سوات کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے سوات پریس کلب مکانباغ میں صحافیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سوات پریس کلب کے صدر سعید خان، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر محبوب علی کے علاوہ دیگر عہدیداران اور سینئر صحافی موجود تھے۔ ملاقات میں ضلع سوات میں صحافت سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران ضلع سوات میں امن و امان کے قیام میں صحافیوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پریس کلب عہدیداروں اور صحافیوں نے مختلف مسائل کی جانب سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان کی توجہ مبذول کرائی اور کہنا تھا کہ ضلع میں دائمی امن کے لئے مستند معلومات تک عوام کی رسائی نہایت اہم ہے اور نیو میڈیا کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ رسائی ہمہ وقت ہونی چاہیے۔ صحافیوں سے گفتگو میں سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے لئے مستند معلومات تک رسائی یقینی بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں ریجنل انفارمیشن آفس کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ حکومتی اقدامات سے متعلق بروقت اور ہمہ وقت معلومات میڈیا تک پہنچائی جاسکے۔ سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ڈیجیٹل خصوصاً سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا کردار نہایت اہم ہے اور ان پلیٹ فارمز پر صحافتی اقدار کو فروغ دے کر ڈس انفارمیشن کو روکا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں سوات کے صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔
Comments
Post a Comment