گوجرانوالہ میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ، چیئرمین پی ٹی آئی گولی لگنے سے زخمی، بائیں ٹانگ میں تین گولیاں لگی ہیں

اسلام آباد (سپاٹ سٹوری): لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 4 رہنما زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ احمد چھٹہ کی حالت تشویش ناک ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کو شوکت خانم اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ کے قریب عمران خان کے مرکزی کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس  پھیل  گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست  میں لے لیا۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان کو بائیں ٹانگ میں تین گولیاں لگی ہیں۔  ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔ فائرنگ میں سینیٹر فیصل جاوید خان بھی زخمی ہوئے۔

Comments