سوات(سپاٹ سٹوری): ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے خصوصی افراد کے لئے خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد مینگورہ کے سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں کیا گیا جس میں خصوصی افراد نے شرکت کی اور مختلف نوعیت کے مسائل سے ضلعی انتظامیہ اور محکموں کو آگاہ کیا۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سہیل خان کے علاوہ ضلعی، صوبائی اور وفاقی محکموں کے آفیسرز نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں خصوصی افراد کو درپیش مختلف مسائل جس میں مالی معاونت کے حصول میں درپیش مسائل، وہیل چیئر و دیگر معذوری سے متعلق آلات و سہولیات کی فراہمی، مختلف پرائیوٹ و سرکاری عمارتوں میں سروسز کے حصول میں حائل چیلینجز، خصوصی افراد کے لئے ملازمت کوٹہ پر عملدرآمد اور میرٹ پر ملازمتوں کی فراہمی، خصوصی طلباء وطالبات کو وظائف کی فراہمی، ہنر مند اور روزگار پروگرام شروع کرنے جیسے مسائل و تجاویز کھلی کچہری میں پیش کئے گئے۔ کھلی کچہری میں مسائل کے حل کی جانب احکامات جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے کوٹہ پر عملدرآمد جاری ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ محکمے قواعد و ضوابط کے تحت کام کررہے ہیں جبکہ ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ منگوایا جائے گا۔ انہوں نے بیت المال آفس سے متعلق خصوصی افراد کے مسائل کو دیکھتے ہوئے مناسبت اور متبادل جگہ منتقل کرنے حکم دیا اور کہنا تھا خصوصی افراد کے لئے سکول زیر تعمیر ہے جو جدید تقاضوں کے ہم آہنگ تعمیر کیا جارہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں خصوصی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر علاج ومعالجہ کے لئے ہسپتال انتظامیہ کو انتظامات کرنے کے احکامات جاری کریں گے جبکہ سکولوں میں بھی خصوصی طلباء وطالبات کے لئے خصوصی اور ترجیحی نشستیں لگائی جائیں گی تاکہ قوت سماعت میں کمزور بچوں کو پڑھائی میں آسانی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بیت المال اور احساس پروگرام کے تحت خصوصی افراد کے لئے سہولیات کی فراہمی کے طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا۔ انہوں نے مسائل کو سننے کے بعد متعلقہ حکام کو عملدرآمد کے لئے موقع پر احکامات بھی جاری کئے۔
Comments
Post a Comment