2022 میں دنیا بھر سے کتنے افراد نے عمرہ وحج ادا کیا؟

اسلام آباد(سپاٹ سٹوری):گزشتہ سال 2022 میں دنیا بھر سے کتنے زائرین نے فریضہ حج اور عمرے کی ادائیگی کی اس حوالے سے سعودی محکمہ شماریات نے اعداد وشمار جاری کر دیے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ شماریات نے 2022 کے زائرین عمرہ اور حج کے حوالے سے جاری اعداد وشمار میں بتایا ہے کہ گزشتہ سال مجموعی طور پر 2 کروڑ 56 لاکھ 41 ہزار 369 افراد نے حج اور عمرے کی ادائیگی کی جن میں سے حج ادا کرنے والے زائرین کی تعداد 9 لاکھ 26 ہزار 62 جب کہ عمرہ ادا کرنے والے زائرین کی تعداد 2 کروڑ 47 لاکھ 15 ہزار 307 تھی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 95 لاکھ 17 ہزار 829 زائرین عمرہ وہ تھے جنہوں نے پہلی بار عمرہ ادا کیا تھا۔ سب سے زیادہ عمرے اپریل کے مہینے کے دوران کیے گئے۔ اس ماہ صرف اندرون مملکت سے عمرہ کرنے والوں کی تعداد 54 لاکھ 79 ہزار 637 تھی۔ بیرونی ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 83 لاکھ 72 ہزار 429 ریکارڈ کی گئی۔ جن میں 37 لاکھ 785 مرد اور خواتین کی تعداد 46 لاکھ71 ہزار 644 تھی جب کہ اندرون مملکت سے عمرہ کرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 63 لاکھ 42 ہزار 878 رہی جن میں مرد زائرین کی تعداد ایک کروڑ10 لاکھ 33 ہزار 994 اور خواتین کی تعداد 53 لاکھ 8 ہزار8884 رہی۔ اندرون مملکت سے عمرہ کرنے والے غیر ملکی عمرہ زائرین کی تعداد 96 لاکھ 99 ہزار997 تھی۔ محکمہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے 7 لاکھ 81 ہزار 409 زائرین بیرونی ممالک سے آئے تھے جب کہ اندرون مملکت سے ایک لاکھ 44 ہزار 653 افراد نے حج ادا کیا تھا۔

Comments