بھارتی مصنف پنکج مشراکی مودی کی ظالمانہ پالیسیوں کونظراندازکرنے پرامریکہ پرسخت تنقید

 اسلام آباد(سپاٹ سٹوری): ممتاز بھارتی مصنف اور تجزیہ کارپنکج مشرا نے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ظالمانہ پالیسیوں کو نظر انداز کرنے پر امریکہ پر سخت تنقید کی ہے۔ایک مضمون میں انہوں نے لکھا کہ بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں مسلمانوں کے خلاف امتیاز برتا جاتا ہے اور تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا جاتا ہے ان کے گھروں اور مساجد کو مسمار اور ان کے ذریعہ معاش کو تباہ کیا جاتا ہے ۔ پنکج مشرا نے مزیدکہا کہ بھارت میں مسیحی برادری کے افراد کو مارا پیٹا جاتا ہے اور گرجا گھروں پر حملے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ سیاسی قیدیوں کو مقدمات چلائے بغیر جیلوں میں رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ہولوکاسٹ میموریل میوزیم نے حال ہی میں بھارت میں بڑے پیمانے پر قتل عام کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک سو باسٹھ ممالک کی فہرست میں اسے آٹھویں نمبر پر رکھا ہے۔ تجزیہ نگار نے کہا کہ صدر جوبائیڈن مسلسل اصرار کرتے ہیں کہ امریکہ اشرافیہ کے مقابلے میں جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہی ہے تو پھر پالیسی سازوں کو پالیسی میں اخلاقی اصولوں کو شامل کرنا چاہئے۔

Comments