صدر یورپی یونین کمیشن کی پاکستان، یورپی یونین میں جاری تعاون کی تحسین

اسلام آباد(سپاٹ سٹوری): یورپی یونین کمیشن کی صدر نے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان جی ایس پی پلس سمیت جاری تعاون کی تعریف کی ہے۔یہ تعریف پیرس میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے بارے میں سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور یورپی یونین کمیشن کی صدر اُرسلا وون ڈیرلین کے درمیان ملاقات میں کی گئی۔وزیر اعظم نے اِس سال 9 جنوری کو جنیوا میں RESILIENT پاکستان کانفرنس میں شرکت کرنے پر کمیشن کی صدر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کیلئے یورپی اداروں کے قریبی تعاون کے ساتھ کام جاری رکھنے کیلئے پاکستان کا عزم ظاہر کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کی تعریف کرتے ہوئے کمیشن کی صدر کو ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔اس موقع پر یورپی یونین کمیشن کی صدر نے 2022 کے سیلاب سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔جی ایس پی پلس کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ درست راہ پر ہے جس کیلئے سیاسی عزم پختہ ہے۔

Comments