ایف بی آر نے 5 کروڑ 30 لاکھ شہریوں کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا، نیا آن لائن سسسٹم قائم


ایف بی آر نے آن لائن ٹیکس پروفائلنگ سسٹم متعارف کرادیا، جس میں 5 کروڑ 30 لاکھ افراد کا ڈیٹا موجود ہے، ہر شخص 500 روپے ادائیگی کے بعد اپنی پروفائل تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔
آپ کے نام کتنی جائیداد، کتنے پلازہ اور گاڑیاں ہیں؟، بیرون ملک کتنے سفر کیے؟، یوٹیلیٹی بلز کتنے دیتے ہیں؟، شہریوں کا سارا لائف اسٹائل ایف بی آر کی دسترس میں آگیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شہریوں کو معلومات کی فراہمی کیلئے آن لائن پورٹل کا اجراء کردیا۔
وزیر مملکت حماد اظہر کہتے ہیں کہ غیر متعلقہ شخص کو ڈیٹا تک رسائی کا حق نہیں ہوگا، سیکیورٹی کیلئے ایک میکنزم بنایا ہے، صارف کے موبائل فون پر کوڈ نمبر بھیجا جائے گا جسے ایف بی آر پورٹل میں ڈالنے پر ڈیٹا تک رسائی ملے گی، جس کی مد میں 500 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ شہریوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کیلئے نادرا سے بھی مدد لی گئی ہے، شہریوں کو اس ڈیٹا کی بنیاد پر ٹیکس گوشوارے بھرنے میں آسانی ہوگی، اسے مزید اپ ڈیٹ کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
شبر زیدی کہتے ہیں کہ ہمارا مقصد کسی کو ڈرانا یا دھمکانا نہیں، ٹیکس ریٹرن فائنل کرنے میں ہونے والی غلطیوں کی تصحیح کرنا ہے۔
ویب پورٹل پر موجود اس ڈیٹا کا ایف بی آر کو کیا فائدہ ہوگا، وزیر مملکت حماد اظہر نے یہ بھی بتا دیا، کہتے ہیں کہ ڈیٹا اسیسمنٹ کیلئے استعمال ہوگا، اس سے لوگوں کے لائف اسٹائل، اخراجات اور دولت کے بارے میں اضافی معلومات ملیں گی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی آخری تاریخ 30 جون میں مزید توسیع نہیں ہوگی، 30 جون 2019ء تک ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کیخلاف بھی ٹیکس قوانین کا اطلاق ہو جا ئے گا۔

یہ سہولت کون استعمال کرسکتا ہے؟

اس سروس کو یہ تمام افراد استعمال کرسکتے ہیں۔
نمبر1۔ پاکستان کا قومی شناختی کارڈ سی این آئی سی یا این آئی سی او پی رکھنے والے۔
نمبر2۔ پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل فون نمبر رکھنے والے (صرف پاکستان میں رہنے والے افراد)۔
نمبر3۔ ای میل کے حامل افراد (بیرون ملک شہری)۔
نمبر 4۔ ای سہولت یا ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے 500 روپے ادا کرنے والے۔
نمبر 5۔ اٹھارہ سال اور اس سے زائد عمر کے افراد۔

یہ کیسے کام کرے گا؟

ہر شخص اپنی پروفائل تک رسائی حاصل کرسکتا ہے، اس کیلئے پورٹل پر سی این آئی سی اور موبائل نمبر درج کرنا ہوگا، اس کے بعد آپ کو موبائل فون پر ایک کوڈ موصول ہوگا جس اندراج پورٹل پر کرنا ہوگا۔

Comments